فائنل میں جنوبی افریقا کو شکست، بھارت ٹی 20 کا دوسری بار چیمپئن بن گیا

Jun 29, 2024 | 19:08:PM
فائنل میں جنوبی افریقا کو شکست، بھارت ٹی 20 کا دوسری بار چیمپئن بن گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: ایکس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے ہرا کر بھارت 17 سال بعد دوسری بار چیمپئن بن گیا۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل مقابلے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز سکور کیے، بھارت کی جانب سے بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 59 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے ان کے علاوہ آل راؤنڈر اکشر پٹیل 47 اور شیوم دوبے 27 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور انرچ نورٹیا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کے علاوہ مارکو جنسن اور کاگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی پر بھارت کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کا الزام

بھارت کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ہینرچ کلاسن نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئنٹن ڈی کک 39 اور ٹرسٹن سٹبز 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 3، جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ اکشر پٹیل ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوئے۔

قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے، بارباڈوس میں ایک میچ کھیل چکے ہیں، کنڈیشن کا اندازہ ہے، ٹیم کو یہ ہی پیغام دیا ہے کہ تحمل رکھیں اور اچھی کرکٹ کھیلیں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈم مارکرم کا کہنا تھا کہ ہر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، پہلی بار فائنل کھیل رہے ہیں، تمام کھلاڑی پرجوش ہیں اور اچھی فارم میں ہیں، آج کا فائنل ہمارے لیے شاندار موقع ہے، پرانی ٹیم ہی میدان میں اتار رہے ہیں کوئی تبدیلی نہیں کی، مدمقابل ایک ورلڈ کلاس ٹیم ہے تو ہمیں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ دونوں ہی ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہیں اور کسی بھی میچ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔