(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں علاقائی اور امت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ ، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار، دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان، خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے خاتمے اور یمن تنازع کے بذریعہ مذاکرات سیاسی حل کیلئے سعودی عرب کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے " گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی" اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیا سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے جانب سے شروع کئے گئے منصوبوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے پرعزم ہے۔ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تعاون خوش آئند ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے اس دو طرفہ باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اعلی سطح روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔