(24نیوز) پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عید پر پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا تحفہ دیں گے. مسلم لیگ ن اپنے وزیراعلیٰ کا اعلان کرے پیپلزپارٹی ساتھ دے گی۔
پی پی رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ حکمران جماعت کے 25 سے 30 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے لئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پنجاب میں تمام طبقات سڑکوں پر ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری اور انارکی بڑھتی جا رہی ہے، پنجاب کا وزیر اعلیٰ نا اہل، ناکام اور نکھٹو ہے، یہ ہمارا کسٹوڈین نہیں بن سکتا، پنجاب میں تبدیلی نا گزیر ہو چکی ہے۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 25سے 30ارکان ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ پنجاب میں تبدیلی کیوں نہیں لاتے، شہباز اور حمزہ سے رابطہ کر کے بات کرینگے کہ بطور اکثریتی جماعت آگے آئیں، وزارت اعلیٰ ان کا حق بنتا ہے، ہم نے اب آواز بلند نہ کی تو حکومت کے شریک جرم ٹھہریں گے۔حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ قوم کو عید کے بعد پنجاب میں تبدیلی کی عیدی دینگے، جدوجہد اور رابطے تیز کرینگے، اسمبلیوں سے استعفے نہ دینے کےن لیگ کے بیانیے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔