(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی ضمانت ہونیوالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور نے ایک انٹرویو میں (ن )لیگ کی جانب سے پیپلز پارٹی پر مک مکا کرنے کے الزام کے جواب میں کہا کہ سب کو اپنے لہجے درست اور الفاظ کا چنائو بہتر کرنا ہوگا، جو احسن اقبال نے گفتگو کی وہ بالکل قابل قبول نہیں۔
چوہدری منظور نے کہا کہ پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن ہوئے ہم نے تو مک مکا نہیں کہا، مریم نواز کی ضمانت ہوگئی ہم نے تو مک مکا کا الزام نہیں لگایا، حمزہ شہباز باہر آ گئے، خورشید شاہ ابھی بھی جیل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے بحال ہوئے ہم نے کچھ نہیں کہا، ہمارا مطالبہ ہے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلے کئے جائیں۔ باہر بیٹھ کر فیصلے کر کے پی ڈی ایم پر نہ تھوپے جائیں۔
پی پی کے جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ متفقہ رائے سے ہوگا، ایسا ماحول بن گیا ہے کہ جے یو آئی اور ن لیگ پہلے معاملات طے کر لیتی ہیں اور پھر آ کر اپنے فیصلے پی ڈی ایم پر تھوپ دیتی ہیں۔چوہدری منظور نے کہا کہ ہم نے ن لیگ کو پیغام دیا کہ یوسف گیلانی کو کچھ دیر کیلئے اپوزیشن لیڈر بننے دیں تاہم اس پر سلیکٹڈ کی باتیں کی جا رہی ہیں، کیا پنجاب میں عثمان بزدار کا وزیر اعلیٰ بننا پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مک مکا نہیں؟