ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کیلئے الگ۔۔ سارے عمران کےخلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے۔۔شیخ رشید 

Mar 29, 2021 | 20:13:PM

 (24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہٹانے والے خود پیچھے ہٹ گئے ہیں، پی ڈی ایم میں اختلاف نہ حکومت کی کامیابی ہے نہ حکومت کا اس میں ہاتھ ہے، پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پی پی پی ہمیشہ کیلئے الگ الگ ہوگئے ہیں، اصل فیصلہ فضل الرحمان نے کرنا ہے،یہ سارے عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے،پی ڈی ایم میں اختلاف اپوزیشن کی نااہلی ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے پرنو تعمیر شدہ قائداعظم پوٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ60 دن کے اندر اندر قائد اعظم کی آرکائیو بنائیں گے، اسلام آباد کے ہرپارک کو پندرہ روزکے بعد رینویٹ کریں گے، شہر کو باغوں اور پارکوں کا شہر بنائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پی پی پی ہمیشہ کیلئے الگ الگ ہوگئے ہیں، اصل فیصلہ فضل الرحمان نے کرنا ہے ، پی ڈی ایم میں اختلاف اپوزیشن کی نااہلی ہے، اپوزیشن کو کہتے ہیں اب آپ لوگوں سے عمران خان نہیں جانے والا، اسمبلیوں میں آئیں ریفارمزپر بات کرتے ہیں، عمران خان آپ سے باہر نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی اسکینڈلز کو شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں اور لاک ڈاون پر این سی او سی کام کررہا ہے، میرا ان سے کوئی کام نہیں، میں اپنی وزارت میں دخل اندازی نہیں کرنے دیتا اور نہ ہی کسی کی وزارت میں دخل اندازی کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ دعا ہے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن کو اللہ صحت دے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کابینہ میں ردوبدل ہوتی رہتی ہے، وزیر وزیر ہوتا ہے، چاہے اِس وزارت میں ہو یا اس وزارت میں، عمران خان جہاں کہیں گے میں وہیں کھیلوں گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاﺅن این سی او سی کا کام ہے میرا کام نہیں ہے، اگر مجھے کہا جائے گا تو میں لاک ڈاﺅن پر عملدر آمد کراﺅں گا۔انہوں نے کہا کہ آخری سال الیکشن کا ہوگا، ہم نے کام کرنا ہے، عمران خان نے کہا کہ کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں۔کورونا کی تیسری لہر خطرناک۔۔ پنجاب میں سخت پابندیاں لگ گئیں

مزیدخبریں