(24 نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وزیر خزانہ حفیظ شیخ کوہٹا ئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز کابینہ تبدیل کرنے کی بجائے نااہلی اور نالائقی کو جڑ سے ختم کر نا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ کابینہ میں ردوبدل سے کوئی فرق نہیں پڑے گا سلیکٹڈ کو جانا ہوگا ، جتنے مرضی وزیر خزانہ بدل لیں ، عمران خان کو نکالے بنا کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ بجٹ سے کچھ وقت قبل وزیر خزانہ بدلنا حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے،اس حکومت کی موت ہو چکی ، تدفین ہونا باقی ہے۔صدر زرداری اور چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کے راستے پر چل کر اس حکومت کی تدفین ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا تھا،عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیاجارہاہے،اطلاعات و نشریات کی وزارت کو دو حصوں میں تقسیم کرنے پر مشاورت کی گئی ۔
اطلاعات و نشریات کے الگ الگ وزیر مملکت لانے پر غورکیا گیا جس کیلئے فرخ حبیب اور فیصل جاوید کے ناموں پر غور کیاگیاہے جبکہ شبلی فراز کو وزارت پٹرولیم کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ فواد چودھری کو بھی اضافی ذمہ داری ملنے کاامکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آج حفیظ شیخ گئے ، اگلی باری عمران خان کی ہوگی،شیری رحمان