انسداد عصمت دری آرڈیننس پر عملدرآمد سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس

Mar 29, 2021 | 23:10:PM

(24نیوز)وزارت قانون میں انسداد عصمت دری آرڈیننس پر عملدرآمد سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے اجلاس کی صدارت کی ۔
وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ میڈیا انسداد عصمت دری آرڈیننس پر موثر انداز میں عملدرآمد کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے، یہ کمیٹی مذکورہ قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے قواعدوضوابط اور تجاویز مرتب کرے گی، فروغ نسیم نے کہاکہ عصمت دری اور جنسی جرائم کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے ملک میں پہلی بار اس طرح کام کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہناہے کہ وفاقی وزیر قانون نے کمیٹی ارکان کی طرف سے جامع تجاویز فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا، فروغ نسیم نے کہاکہ یہ تجاویز خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
ترجمان نے کہاکہ کمیٹی ارکان نے عصمت دری اور جنسی جرائم کی بہتر انداز میں روک تھام کے حوالے سے قانونی معاملات، طبی معائنہ کا طریقہ کار اور دیگر معاشرتی مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
ملیکہ بخاری نے کہاکہ وزارت قانون مذکورہ قانون کو حقیقی معنوں میں عملدرآمد کےلئے پوری طرح کوشاں ہے، کمیٹی کے تحت مختلف معاملات کو اجاگر کرنے کیلئے ماہرین پر مشتمل ذیلی کمیٹیاں بھی بنائی جائیں گی،ملیکہ بخاری نے کہاکہ ذیلی کمیٹیاں گھناﺅنے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اپنی مفصل تجاویز سے آگاہ کریں گے، میڈیا سے وابستہ افراد کی تجاویز لینے کیلئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں