مریم گروپ نہیں چاہتا تھا کہ سب کچھ 5سیٹوں والے کو مل جائے۔پرویز الٰہی

Mar 29, 2022 | 20:48:PM

( مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے نامزد وزیر اعلیٰ چودھر ی پرویز الٰہی نے کہا ہمار ی ایک میٹنگ چل رہی تھی کہ اس دوران چودھری مونس الٰہی کو وزیر اعظم عمران خان کا فون آیا کہ آجائیں میں انتظار کرر ہا ہوں جس پر ہم بنی گالہ چلے گئے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے اپنی نامزدگی کے حوالے سے کہا کہ ہمارے اپوزیشن اور حکومت دونوں سے بات چیت چل رہی تھی۔لیکن اپوزیشن کی طرف سے ہمیں صرف 3یا4ماہ مل رہے تھے ۔شہباز شریف کی طرف سے کھانے کی دعوت قبول نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ ن میں مریم نواز گروپ نہیں چاہتا تھا کہ سب کچھ 5سیٹوں والے کو دیدیں ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا اپنا سٹیٹس ہے لیکن وہ اپنے بھائی نواز شریف کی ویٹو پاور کا رخ نہیں موڑ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بد قسمتی اور ہماری خو ش قسمتی کہ ہمیں کچھ چیزوں کا جلد پتہ چل جاتا ہے۔اس لئے پھر ہم نے حکومتی پیشکش کو قبول کرنا بہتر سمجھا۔انہوں نے کہا میرے جہانگیر ترین گروپ سے رابطے ہیں وہ آج بھی آئے تھے کل بھی آئیںگے۔ایم کیو ایم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان کو کہا ہے کہ انہیں گورنر شپ دیں۔پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت بھی دیں۔بہرحال ایم کیو ایم آن بورڈ ہے۔ق لیگ سے ناراض طارق بشیر چیمہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال انہیں قبول نہیں اور وہ اب تک ناراض ہیں او ر عمران خان کو ووٹ نہ دینے کے فیصلے پر قائم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔تحریک انصاف کا کوئی رکن عدم اعتماد والے دن اسمبلی نہ آئے۔ورنہ...وزیر اعظم نے بڑی دھمکی دیدی

مزیدخبریں