مسجد اقصٰی میں یہودیوں کی آبادکاری قابلِ مذمت ہے: سعودی عرب

Mar 29, 2023 | 11:45:AM

(ویب ڈیسک) حکومتِ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کی آباد کاری قابلِ مذمت ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قبلہ اؤل مسجدِ اقصٰی میں یہودیوں کی آباد کاری کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے صحن میں اسرائیلی فوج کی سربراہی میں یہودیوں کی آباد کاری امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی وجہ ہیں۔ 

سرکاری سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے قابض اسرائیلی فوج کے ہوتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کی آبادکاری کے عمل کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے اس کو مسترد کر دیا ہے۔

سعودی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی باشندوں نے فوج کی سربراہی میں مسجد اقصیٰ کے اندر جو کچھ کیا اس سے امن کی ساری کوششیں ختم ہوں گی اور یہ عمل مذہبی مقدس مقامات کے احترام کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی اصولوں اور روایات کی منافی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب:عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ،جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی 

سعودی دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب فلسطین کے مسئلے کے جامع و منصفانہ حل کرنے اور  ناجائز اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک ہر کوشش کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔ سعودی دفتر خارجہ نے واضع کیا کہ سعودی عرب 1967 کی سرحدوں کے مطابق خود مختار فلسطینی ریاست کا وجود چاہتاہے اور یہ بھی چاہتا ہے کہ مشرقی القدس اس کا دارالحکومت بنے۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے سعودی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل کی جانب سےغرب اردن میں یہودیوں کی آبادکاری کے منصوبوں اور خالی کروائی جانے والی یہودی بستیوں کی دوبارہ آبادی کاری کرنے کے فیصلے کی سخت مذمت کی تھی۔

مزیدخبریں