(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے کے۔الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 6 روپے مہنگی کرنے کی درخواست دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) سے درخواست کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین کیلئے بھی بجلی 6 روپے 2 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے۔ اضافہ صارفین کے ٹیرف میں گزشتہ 2 سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا جائے اور صارفین سے اپریل تا جون (3 ماہ) میں وصولی کی جائے تا کہ ملک بھر میں ایک سا ٹیرف برقرار رکھا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے سابق واپڈا ڈسکوز صارفین کیلئے ٹیرف میں برابر اضافے کا نوٹیفیکیشن پہلے ہی جاری کر دیا گیا ہے اور رسمی کارروائی مکمل کرنے کیلئے نیپرا کی جانب سے تین اپریل کو کے۔الیکٹرک ٹیرف میں اضافے پر بحث کیلئے عوامی سماعت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان ہائی رسک ممالک کی فہرست سے خارج
حکومتی پاور ڈویژن کی درخواست کے مطابق 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے ٹیرف اپریل اور مئی میں 3 روپے 3 پیسے فی یونٹ اور پھر جون میں 1 روپیہ 55 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا جبکہ 201 سے 700 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے ٹیرف میں اپریل اور مئی میں 4 روپے 76 پیسے فی یونٹ اور جون میں 1 روپیہ 55 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔ ان کے علاوہ باقی تمام کیٹیگریز کے ٹیرف میں ان 3 ماہ کے دوران 6 روپے 2 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔
نیپرا سے پاور ڈویژن نے دو الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں جن میں کے۔الیکٹرک صارفین کیلئے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کیلئے 4 روپے 45 پیسے فی یونٹ اور پچھلے مالی سال کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کیلئے 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافہ شامل ہیں۔