(24 نیوز )پاکستان کی نجی ائیر لائن ’ائیر سیال ‘نے بین الاقوامی پروازوں کا آغازکردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ائیر سیال پاکستان کی تیسری بین الاقوامی ایئر لائن بن گئی ہے، ایئر لائن کی افتتاحی فلائیٹ لاہور ائرپورٹ سے 160 مسافروں کو لیکر جدہ روانہ ہوگئی ہے ۔
چیئر مین ائیر سیال،بورڈ آف ڈائریکٹرز افسران اور سی اے اے حکام نے افتتاحی پروازکے مسافروں کو رخصت کیا، افتتاحی تقریب میں قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث روف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے شرکت کی۔
چیئرمین ائیرسیال فضل جیلانی کا کہنا تھا کہ کامیاب ڈومیسٹک آپریشن کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز اِئیر سیال کی بڑی کامیابی ہے، پہلے مرحلے میں لاہور،اسلام آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار 8 پروازیں چلائی جائینگی،اگلے مرحلے میں کراچی،ملتان اور سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پروازیں آپریٹ ہونگی،خلیجی ممالک کے لیے بھی پروازیں چلانے کے حوالے سے بھی ارادہ ہے،اس وقت ائیر سیال کی پروازیں ائیر بس 320 کے ذریعے چلائی جارہی ہیں، جلد فضائی بیڑے میں بڑے طیاروں کو شامل کیا جائے گا،یورپی ممالک میں پابندی ہٹنے کے بعد ائیر سیال لندن اور مانچسٹر کے لیے بھی آپریشن شروع کرے گی۔