سنی اتحاد کونسل کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التوا جمع کروانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(طیب سیف) اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط لکھنے پر سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التوا جمع کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آبا د ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط لکھنے کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریکِ التو جمع کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے، قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے تمام ایم این ایز کے دستخط سے تحریک التوا جمع ہو گی جبکہ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور علی محمد خان نے دستخط بھی کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصفہ بھٹو کو سیاست میں انٹری کرتے ہی بڑی کامیابی مل گئی
سنی اتحاد کونسل کی تحریکِ التوا کے متن کے مطابق قومی اسمبلی کے 2007 کے قواعد و ضوابط کے اصول 109 کے تحت تحریک التوا کا نوٹس دیتے ہیں، 6 ججوں کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے خط کے باعث پیدا ہوئی صورتحال کے باعث ایوان کی معمول کی کاروائی معطل کی جائے، ملک کے انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کے بعد صورتحال خراب ہوئی، آئین کے دیباچے میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔
تحریکِ التوا میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے ریاست اور حکومت عدلیہ کی آزادی و تحفظ میں ناکام رہی، انصاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس پر سمجھوتہ کیا جا رہا ہے، بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت ہزاروں لوگ عدلیہ کے معاملات میں مداخلت کرنے پر آج جیلوں میں ہیں، اس معاملے کی شفاف تحقیقات، عدلیہ کی آزادی ہر شہری کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے قومی اسمبلی کے ایوان میں سنجیدہ بحث کی جائے۔