(وقاص عظیم)قومی ایئر لائن(پی آئی اے )کمپنی لمیٹڈ کے تجارتی قرضوں سے متعلق مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ کیلئے مذاکرات حکومت پاکستان، مقامی قرض دہندہ بینکوں اور ڈی ایف آئیز کے درمیان ہوئے ،ان مذاکرات کی کامیابی کے بعد ایس ای سی پی کے ساتھ پی آئی اے کمپنی لمیٹڈ کی قانونی علیحدگی کیلئے سکیم آف ارینجمنٹ فائل کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انتظام کے تحت پی آئی اے سی ایل کا تجارتی ملکی قرض پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ میں منتقل کر دیا جائے گا،اس قرض کو وفاقی حکومت نے پی آئی اے سی ایل کی قانونی ری سٹرکچرنگ کے حصے کے طور پر قائم کیا ہے،پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے معاملات کو دیانتداری سے چلانے کیلئے وفاقی حکومت نے رواں ہفتے سابق گورنر سٹیٹ بینک سمیت بینکنگ اور دیگر شعبوں کے ماہرین پر مشتمل سات رکنی آزاد بورڈ کا اعلان کیا ،نئے بورڈ نے اسلام آباد میں منعقدہ اپنے افتتاحی اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کیلئے پی آئی اے سی ایل اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی بورڈ سے سکیم آف ارینجمنٹ کے مسودے کی منظوری حاصل کی ،جس کے بعد یہ مسودہ قرض کی ری سٹرکچرنگ کیلئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے پاس داخل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہناہے کہ اس اہم سنگ میل کے بعد پی آئی اے کی نجکاری کے لئے ممکنہ سرمایہ کاروں سے اظہار دلچسپی آنے والے دنوں میں طلب کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 6 فروری 2024کو پی آئی اے سی ایل کے قانونی علیحدگی کے منصوبے کی منظوری دی تھی ،پی آئی اے کی نجکاری وفاقی حکومت کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے، پیشرفت نیشنل کیریئر کو نجکاری کیلئے تیار کرنے کیلئے کی جانے والی سب سے پیچیدہ مشقوں میں سے ایک ہے،یہ انتظام نجی شعبے کے قومی ادارے میں سرمایہ کاری کیلئے ایک قابل عمل کاروباری کیس بنانے میں مدد دے گا،ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے پی آئی اے سی ایل کے تجارتی ملکی قرض کیلئے انتظام کو حتمی شکل دینے میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طلبا کی عیدی ہو گئی، یکم سے 8 اپریل تک تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان
پی آئی اے کے تجارتی قرضوں سے متعلق مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوگئے
Mar 29, 2024 | 22:12:PM