(24 نیوز)بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ شوال کا چاند 29 مارچ کو نظر آنا ناممکن ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے تصدیق کی ہے کہ شوال کا چاند 29 مارچ بروز ہفتہ کو عرب اور اسلامی دنیا کے تمام خطوں میں نظر آنا ناممکن ہوگا اس کی وجہ یہ ہے کہ چاند سورج سے پہلے ڈوب جائے گا، اور کنکشن غروب آفتاب کے بعد ہوگا۔
کویت:
کویتی ماہر فلکیات بدرالعمیرہ نے کہا ہے کہ سورج گرہن کی وجہ سے شوال کا چاند 29 مارچ ہفتہ کو نظر نہیں آئے گا جس کی وجہ سے عیدالفطر 31 مارچ پیر کو ہو گی۔
پاکستان:
ماہر فلکیات اور محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رمضان 29 دن کا ہونے اور شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
کراچی میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اتوار کو زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز کراچی کا مطلع صاف ہو گا اور شوال کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
بھارت:
فلکیاتی تجزیوں کے مطابق 30 مارچ 2025 کو چاند نظر آنے کا امکان ہے جس کی بنیاد پر عید الفطر 31 مارچ 2025 بروز پیر کو منائی جائے گی۔
تاہم حتمی تاریخ کا اعلان بھارت کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند کی رویت کی تصدیق کے بعد کرے گی۔
سعودی عرب:
سعودی ماہرین فلکیات کی نئی پیشگوئی سامنے آئی ہے جس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند ہفتہ 29 رمضان المبارک کو نظر آ سکتا ہے اور عیدالفطر اتوار 30 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔
عرب میڈیا نے سعودی ماہرین فلکیات کی پیشگوئی کو رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ 29 رمضان کو دن 2 بجے نئے چاند کی پیدائش ہو گی اور سورج غروب ہونے کے بعد شوال کا چاند 8 منٹ تک افق پر رہے گا اور دیکھا جا سکے گا۔
یواےای:
اماراتی ماہر فلکیات اور فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین، نیز عرب یونین برائے خلائی و فلکیات کے رکن ابراہیم الجروان نے انکشاف کیا کہ فلکیاتی حسابات کے عین مطابق 29 مارچ 2025ء بروز ہفتہ غروب آفتاب کے بعد شوال کا چاند نظر آنا ناممکن ہے۔
ان حسابات کی بنیاد پر ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کا اندازہ ہے کہ رمضان المبارک کے 30 دن مکمل ہوں گے 30 مارچ بروز اتوار، مقدس مہینے کا آخری دن ہوگا۔ نتیجتاً، عید الفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کر دی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ مملکت کے تمام علاقوں میں آج ہفتہ 29 رمضان المبارک کی شام ماہ شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے۔
سعودی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ 29 رمضان المبارک کی شام کو عید الفطر کا چاند دیکھا جائے، چاند دیکھنے کے بعد گواہی ریکارڈ کرانے کے لیے ریجنل اداروں سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں رویت ہلال کی گواہی ملنے کے بعد ہی سرکاری سطح پرچاند کی رویت اور عید ہونے کا اعلان کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں اگر آج چاند نظر نہ آیا تو عیدالفطر بروز پیر کو ہو گی، چاند نظر آنے کی صورت میں مملکت میں عید کل منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بروز پیر عیدالفطر ہونے کا قوی امکان ہے۔