نوازشریف، مریم نواز، صفدر کی اپیلوں پر سماعت کا حکمنامہ جاری

May 29, 2021 | 12:49:PM

 (24نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ جاری کیا۔کمرہ عدالت میں موجود ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ عدالتی ہدایت پر روسٹرم پر آئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ عدالت نے نواز شریف کے اشتہاری ہونے کے بعد ان کی اپیلوں سے متعلق پوچھا، عدالت نے پوچھا کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں اپیلیں کیسے آگے بڑھائی جائیں، اعظم نذیر تارڑ نے ابتدائی طور پر 2 قسم کے دلائل عدالت کے سامنے رکھے۔

عدالتِ عالیہ نے حکم نامے میں کہا کہ اعظم نذیر نے استدعا کی کہ نواز شریف کی اپیل عدم پیروی پر یا مسترد یا التواء میں رکھی جائے، اعظم نذیر نے کہا کہ مستقبل میں نواز شریف سرنڈر کرنے کے بعد اپنی اپیل بحال کرا سکتے ہیں، اعظم نذیر نے عدالتی مثالیں پیش کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں مزید کہا کہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ نواز شریف کی اپیل مسترد کی جائے، نیب نے دلائل میں کہا کہ نواز شریف کی اپیل میرٹ پر مسترد کی جائے۔عدالتِ عالیہ نے نیب پراسیکیوٹر کی عدالتی نظیروں کو مدِنظر رکھ کر عدالتی معاونت کے لیے مہلت کی استدعا منظور کر لی۔نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 9 جون کو ہو گی۔

مزیدخبریں