رواں برس پرائیویٹ حج پر کتنے اخراجات آئیں گے ؟ آپ بھی جانیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان میں مختلف کمپنیوں نے پرائیویٹ حج پیکجز کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں برس پرائیویٹ حج کے لیے 15 لاکھ روپے سے 30 لاکھ روپے تک کے پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں۔
پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان علی حماد نے پرائیویٹ حج پیکجز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’14 اور 18 روز کے مختلف پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں جس میں سلور، ڈائمنڈ اور وی آئی پی پیکجز شامل ہیں۔’
واضح رہے کہ پاکستان میں حج کوٹے کا 60 فیصد حصہ سرکاری جبکہ 40 فیصد کوٹہ نجی ٹور آپریٹر کمپنیوں کو دیا جاتا ہے۔ رواں برس پاکستان سے 81 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ’سولر پیکج مکہ میں عزیزیہ اور مدینہ میں فور سٹار اور فائیو سٹار ہوٹل کی بکنگ شامل ہے اور یہ پیکج 15 لاکھ روپے سے شروع ہوکر 19 لاکھ روپے تک کا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں:مکہ مکرمہ میں اجازت نامے کے بغیر داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد
’ڈائمنڈ پیکج 18 روز کا ہے جو کہ 16 لاکھ روپے سے لے کر 19 لاکھ روپے تک ہے۔ وی آئی پی پیکج میں فائیو سٹار ہوٹل کی بکنگ شامل ہے جو 20 لاکھ روپے سے شروع ہو کر 30 لاکھ تک کا ہے۔ حج پیکجز کے ریٹ ہوٹل کی بکنگ اور کمرے کی شیئرنگ کے حساب سے طے کیے گئے ہیں۔‘
علی حماد کے مطابق ان پیکجز میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ اور قربانی شامل نہیں۔ ایئرلائنز کے حساب سے ٹکٹ کی قیمت طے کی جائے گی۔ اس وقت ٹکٹ کا تخمینہ ڈھائی سے تین لاکھ روپے تک لگایا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ حجاج کی ٹریننگ کا انعقاد ٹور آپریٹر کمپنی خود کروائے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے جمعے کو بتایا تھا کہ ’رواں سال سرکاری حج پر ساڑھے چھ لاکھ روپے سے کم اخراجات آئیں گے۔‘
ان کے مطابق ’گذشتہ حکومت نے سعودی کمپنیوں سے ریال کرنسی میں جن ریٹس پر بُکنگ کی تھی، اس کے تحت حج کا ریٹ رواں سال 11 لاکھ روپے کا ہونا تھا مگر حکومت نے سعودی کمپنیوں سے بہتر ڈیل کر کے ہوٹلز آدھی قیمت پر بُک کیے ہیں۔‘
’مکہ میں جن رہائشی عمارتوں کو گذشتہ حکومت کے دور میں 2600 سے 3500 ریال فی حاجی بُک کیا گیا تھا اب انہیں 2100 ریال میں بُک کیا گیا ہے۔‘