جیلوں میں قید خواتین قیدیوں سے بدسلوکی کے الزامات، 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

May 29, 2023 | 12:29:PM
جیلوں میں قید خواتین قیدیوں سے بدسلوکی کے الزامات، 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
کیپشن: نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے خواتین قیدیوں سے جیلوں میں بدسلوکی کے الزام کے معاملے پر 2 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر اور ایس پی ڈاکٹر انوش مسعود چودھری شامل ہیں۔ کمیٹی کے دونوں ارکان جیل میں قید خواتین سے ملاقات کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جیلوں میں قید خواتین کا تحفظ میری ذمے داری ہے۔ ساری مائیں بہنیں ہماری ہیں۔ مجموعی طور پر 32 خواتین گرفتار ہوئیں اور ان میں سے 11 ہمارے پاس ہیں۔ کبھی جیل میں خواتین سے بدسلوکی جیسے واقعات تاریخ میں نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں ،وزیراعلیٰ محسن نقوی

انہوں نے کہا کہ جب تک میں بیٹھا ہوا ہوں یہ میری ذمے داری ہے کہ ان کو تحفظ دیں۔ جو لوگ یہ الزام لگا رہے ہیں ان کو سوچ سمجھ کر ایسی باتیں کرنی چاہیئے۔ جناح ہاؤس حملے میں جتنے لوگ بھی ملوث ہیں، ان کو نہیں چھوڑا جائے گا، خواہ وہ کتنے ہی اثر و رسوخ والے ہوں، ان کیخلاف حتمی کارروائی کی جائے گی۔

سید محسن نقوی نے مزید کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی پولیس والا غیراخلاقی حرکت میں ملوث پایا گیا تو اس کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ عمران خان کی نظربندی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کی حراست میں ہیں اور جیل میں ان کی شناخت پریڈ چل رہی ہے۔