کہیں دھوپ، کہیں بادل برسیں گے، موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

May 29, 2024 | 09:41:AM
کہیں دھوپ، کہیں بادل برسیں گے، موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مائدہ وحید، عائمہ خان)محکمہ موسمایت نے ملک کے بیشتر  علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنےجبکہ بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں آندھی /جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ یکم جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں گردو غبار، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ  موسمیات کے مطابق لاہور میں صبح سویرے سورج کی تپش سے شہر کے درجہ حرارت میں اضافے سے شہری نڈھال ہوگئے ،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33ڈگری،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ  آئندہ ہفتے کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ائیر کوالیٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 215 ریکار ڈ کی گئی،سی ای آر پی آفس 286،سید مراتب علی روڈ پر شرح 272ریکارڈ،ڈی ایچ اے 268،ایل اے ایس میں آلودگی کی شرح 107ریکارڈ  کی گئی۔

دوسری جانب شہر قائد میں بھی سورج آگ برسانے لگا، محکمہ موسمیات نے آج سے ہیٹ ویو کی پیشگوئی کردی،موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ،40 سے 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود ہے،موسم گرم اور مرطوب ہے،مغربی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دروان موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: واشک میں مسافر بس کھائی میں جا گری، خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد جاں بحق

ماہرین  نے ہیٹ ویو کے باعث شہریوں کو  احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی، ماہرین کا کہناہے کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ائیر کوالیٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیرہ نمبر پر آگیا اور  پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔