لاہور ہائیکورٹ: پنجاب میں اضافی الیکشن ٹریبونل ججز تعینات کرنے کا حکم

May 29, 2024 | 10:48:AM

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو چیف جسٹس کے نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں اضافی ٹریبونلز کے ججز تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ٹریبونلز ججز کی تعیناتی سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سلمان اکرم اور عمر ہاشم کی درخواستوں کو منظور کرلیا، درخواستوں میں اضافی ٹریبونلز بنانے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست گزاروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں 5،5 ، بلوچستان میں 3 الیکشن ٹریبونل تشکیل دیے ہیں تاہم پنجاب کے لیے صرف 2 الیکشن ٹریبونل تشکیل دئیے گئے ہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اضافی الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کیلئے خط لکھا لیکن ٹریبونلز نہیں بنائے گئے، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی عذرداری کے لیے اضافی ٹریبونلز بنانے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ٹریبونلز کے ججز تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹریبونلز کو انتخابی حلقے دینا چیف جسٹس کا اختیار ہے۔

یادرہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ اور عمر ہاشم کی اضافی الیکشن ٹریبونل بنانے کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
 یہ بھی پڑھیں: 7 سالہ  بہن کے ہاتھوں 12 سالہ بہن   قتل،وجہ کیا بنی؟،پولیس نے ملزمہ کو شامل تفتیش کر لیا

مزیدخبریں