اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیلی کام کمپنیز کو نگرانی کیلئے فون کال، ڈیٹا کے استعمال سے روک دیا

بشری بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم الثاقب کی میبنہ آڈیو لیک کیخلاف درخواست پر سماعت،بتایا جائے شہریوں کی کالز کس قانون کے تحت کون ریکارڈ کرتا ہے ؟جسٹس بابر ستار ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہم

May 29, 2024 | 11:05:AM
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیلی کام کمپنیز کو نگرانی کیلئے فون کال، ڈیٹا کے استعمال سے روک دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم الثاقب کی میبنہ آڈیو لیک کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے ٹیلی کام کمپنیز کو نگرانی کیلئے فون کال ، ڈیٹا کے استعمال سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار دونوں درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کر رہے ہیں،سماعت کے آغاز پر عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے وکیل سے استفسار کیا کہ پی ٹی اے نے جواب جمع نہیں کروایا ؟ وکیل نے بتایا کہ چھٹی کے باعث ہم اپنا جواب داخل نہیں کرواسکے،بعد ازاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل روسٹرم پر آ گئے۔

جسٹس بابر ستار نے دریافت کیا کہ یہ بتایا جائے کہ شہریوں کی کالز کس قانون کے تحت کون ریکارڈ کرتا ہے ؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سیکشن 54 کے تحت پی ٹی اے کو اختیار ہے کہ وہ کالز ریکارڈ کرسکتا ہے،عدالت نے مزید دریافت کیا کہ قانون بتائیں کس قانون کے تحت پی ٹی اے نگرانی کر رہا ہے؟ کس سیکشن کے تحت پی ٹی اے والے سرویلنس کر رہے ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ لیگل فریم ورک کے ذریعے کر رہے، عدالت نے کہا کہ جو بھی ہے آپ بتائیں شہریوں کی کالز کس قانون کے تحت ریکارڈ کر رہے ہیں؟ زبانی کلامی نہ بتائیں باضابطہ طور پر بتائیں، آپ بتائیں آپ نے کس کو اجازت دے رکھی ہے؟ کس نے اتھارٹی دی ہوئی ہے کہ لوگوں کی کالز ریکارڈ کی جائیں؟،اس پر منور اقبال دوگل نے کہا کہ مجھے تھوڑا وقت دے دیں میری استدعا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر عدالت برہم ہوگئی، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ کتنا وقت چاہیے؟ کب درخواست دائر ہوئیں ہیں؟ یہ 2023 میں درخواستیں آئیں ہیں، آپ کے مطابق کسی کو فون ٹیپنگ کی اجازت نہیں دی گئی، اگر آپ اب اس موقف سے پیچھے ہٹیں گے تو اس کے نتائج ہوں گے، قانون کہتا ہے کہ وفاقی حکومت اجازت دے سکتی ہے مگر آپ کے مطابق اس کی اجازت نہیں دی گئی۔

عدالے نے استفسار کیا کہ وزیر اعظم آفس، وزارت دفاع، داخلہ، پی ٹی اے کہہ چکے کسی کو اجازت نہیں، تو آج کیسے اجازت دے دی؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے پھر استدعا کی کہ مجھے تھوڑا سا ٹائم دے دیں۔

اس پر جستس بابر ستار نے کہا کہ آپ کو نہیں پتا تھا کہ آج کیس لگا ہوا ہے؟ ایک سال سے یہ پٹیشنز زیر سماعت ہیں، اگر وفاقی حکومت عدالت میں جھوٹ بولے گی تو بات کیسے آگے بڑھے گی؟ وزیراعظم آفس سمیت دیگر اداروں کی جانب سے رپورٹس جمع کرائی جا چکی ہیں، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی کو لیگل انٹرسیپشن کی اجازت نہیں دی گئی،اس پر اٹرانی جنرل منصور اعوان نے کہا کہ وہ جواب پٹیشنر کی آڈیو لیکس کی حد تک تھا۔

بعد ازاں جسٹس بابر ستار نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ٹیلی گراف ایکٹ کی متعلقہ سیکشنز پڑھنے کی ہدایت دی،جسٹس بابر ستار نے کہا کہ غیر قانونی سرویلنس ایک جرم جس کی قانون میں سزا موجود ہے، جب وفاقی حکومت نے جواب جمع کروایا تو عدالت نے اسے سنجیدہ لیا، پی ٹی اے کہہ رہا ہے کہ ہمیں کوئی اجازت نہیں دے رہا، سرویلینس کو اتھورائزڈ اگر کیا گیا ہے تو بتائیں کہاں موجود ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس حوالے سے اگر رولز نہیں بنے ہوئے تو بننے چاہئیں،عدالت نے دریافت کیا کہ کون بنائے گا رولز؟ کس کے ماتحت بنیں گے رولز؟ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور دیگر گریڈ 20 کے افسر کو نوٹیفائی کریں گے، یہ بتائیں کہ اداروں نے نوٹیفائی کر رکھا ہے اس حوالے سے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ میں یہ بات پوچھ کر بتا سکتا ہوں،جسٹس بابر ستار نے کہا کہ انٹیلی جنس افسر کی طرف سے درخواست دی جائے گی، تیسرا مرحلہ حکومتی وزیر کی جانب سے سپورٹنگ مٹیریل دیکھ کر اجازت دینا ہے، اس قانون میں بھی پرائیویسی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ریویو کمیٹی ہونی چاہیے، عدالت نے کہا کہ 11 سال سے قانون تو موجود ہے ریویو کمیٹی موجود نہیں، ریویو کمیٹی کیوں موجود نہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ میں پوچھ کر بتاؤں گا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ میں کچھ چیزیں مزید بتا دیتا ہوں، انٹیلیجنس کے لوگ بھی یہاں بیٹھے ہیں، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کوئی بات نہیں اینٹلی جنس کے لوگوں سے شرمائیں نہیں ، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انٹیلیجنس کے لوگ تو ہر جگہ ہوتے ہیں۔

بعد ازاں ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے کہا کہ آڈیو لیکس کے ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟ کیا ایف آئی اے کے پاس صلاحیت موجود نہیں کہ وہ اس کی نشاندہی کریں؟ آپ لوگوں نے ابھی تک ایف آئی آر درج کی ہے؟

ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم نے بتایا کہ جب تک ہمیں سوشل میڈیا کمپنیز جواب نہیں دیں گی ہم ایف آئی آر نہیں کروا سکتے،جسٹس بابر ستار نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ دوگل صاحب یہ حالت ہے اسٹیٹ کی، ایک سال انکوائری چل رہی ہے، آپ ایک سال میں اس نتیجے تک نہیں پہنچے کہ جرم ہوا ہے یا نہیں؟

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت سے ہدایات لینے اور عدالتی سوالوں کے جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی،بعد ازاں عدالت نے آڈیو لیکس کیس میں بڑا حکم جاری کرتے ہوئے ٹیلی کام کمپنیز کو نگرانی کیلئے فون کال ریکارڈ کرنے سے روک دیا،عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ٹیلی کام کمپنیز کا آلہ غیر قانونی سرویلنس کے لیے استعمال ہوا تو ان پر اس کی ذمہ داری عائد ہو گی۔

واضح رہے کہ 3 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی جانب سے بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج کردی تھی۔

29 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کے خلاف کیس پر سماعت کے دوران پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کی جانب سے جسٹس بابر ستار سے آڈیو لیکس کیس سے علیحدہ ہونے کی متفرق درخواستیں خارج کردی تھی۔