بھارتی اداکار عمران خان نے آخرکار اونتیکا ملک سے طلاق کی وجہ بتا دی

May 29, 2024 | 16:15:PM

(ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکار عمران خان نے پہلی بار اپنی سابقہ ​​اہلیہ اونتیکا ملک سے طلاق اور تعلقات میں پیدا ہونے والے بگاڑ سے متعلق  اہم راز فاش کر دیا۔

بھارت کے معروف اداکار عامر خان کے بھانجے عمران خان ماضی کے نامور فنکار رہ چکے ہیں، ان کی فلم ’’جانے تو یا جانے ناں‘‘ نے بے حد مقبولیت حاصل کی ،اس فلم میں انہوں نے نرم مزاج اور لڑائی جھگڑے سے بھاگنے والے لڑکے کا کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد ان کا ایک ’’سافٹ امیج‘‘ بن گیا تھا جسے لڑکیوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا،بعد ازاں ان کی ریلیز ہونے والی ہر فلم فلاپ رہی جس کے بعد انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

اسی دوران عمران خان کی اہلیہ اونتیکا ملک سے  طلاق بھی ہو گئی تھی،اداکار نے اب حال ہی میں پہلی بار اپنی طلاق پر بات کرتے ہوئے اس کے پیچھے چھپی وجہ بتائی ہے۔

غیر ملکی میڈیا  کو انٹرویو کے دوران  اداکار عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ڈپریشن سے گزر رہے تھے اور انہیں احساس ہوا کہ ان کی شادی ناکام ہو رہی تھی،انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے اوپر بننے والی خبروں پر ایندھن نہیں ڈالنا چاہتے تھے مگر اُس وقت وہ بہت سارے مسائل سے لڑ رہے تھے، اُنہیں محسوس ہوا کہ اُن کی شادی اور یہ رشتہ اُن کے لیے کوئی مدد کا ذریعہ نہیں بن رہا ہے۔

اداکار عمران خان نے مزید کہا کہ ایک مثالی شادی میں دونوں افراد کو ایک دوسرے کو بہتر زندگی فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، صحت مند اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں تاہم اُن کا اہلیہ کے ساتھ رشتہ کمزور تھا اور اسی وجہ سے وہ اہلیہ سے الگ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران اداکار نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور اُن کی سابقہ اہلیہ دونوں مل کر اپنی بیٹی عمارہ کی پرورش کر رہے ہیں،اداکار کابتانا تھا کہ اُن کی بیٹی عمارہ جمعرات سے اتوار تک ان کے ساتھ رہتی ہے، ان دنوں میں وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ کوئی اور کام نہ کریں اور بس اپنی بیٹی کو توجہ دیں، اسے وقت پر سکول چھوڑیں اور اس کی بھرپور دیکھ بھال کریں۔

عمران اور اونتیکا سکول کے دور سے ایک دوسرے کو جانتے اور اچھے دوست تھے، جوڑے نے 19 سال کی عمر میں ڈیٹنگ شروع کی تھی اور 2010ء میں ان کی منگنی ہوئی تھی،منگنی کے ایک سال بعد اس جوڑی نے پالی ہلز میں عامر خان کے گھر سول سروس میں شادی کر لی تھی۔

یاد رہے کہ عمران خان اور اونتیکا ملک کی 2011ء میں شادی ہوئی تھی، 2019 میں جوڑے نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر علیحدگی اختیار کر لی تھی۔


 

مزیدخبریں