شاعر احمد فرہاد 4 روزہ ریمانڈ پر مفظر آباد پولیس کے حوالے، اہلخانہ سے ملاقات

May 29, 2024 | 19:08:PM

(24 نیوز) لاپتہ شاعر احمد فرہاد کو دہشت گردی اور سائبر کرائم ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں 4 روزہ ریمانڈ پر تھانہ صدر پولیس مظفرآباد  کے حوالےکر دیا گیا۔شاعر احمد فرہاد کے خاندان کی ان سے ملاقات کرادی گئی۔

ایس ایس پی مظفرآباد یاسین بیگ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15 دن سے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کو آج آزاد کشمیر پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا، شاعر احمد فرہاد کو انسداد دہشت گردی اور سائبر کرائم ایکٹ کے تحت پہلے سے درج مقدمہ میں تھانہ صدر پولیس مظفرآباد کے حوالے کر دیا گیا، پولیس نے ملزم کا عدالت سے 4 روزہ ریمانڈ بھی لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ شاعر احمد فرہادکا پتا چل گیا،وفاقی حکومت نے گرفتاری ظاہر کردی

پولیس نے باضابطہ کاروائی کرتے ہوئے باغ پولیس سے شاعر احمد فرہاد کو وصول کرلیا ہے، ملزم کے خلاف قانونی کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ آج ہونے والی اسلام آباد ہائیکورٹ  میں شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان  نے عدالت کو بتایا کہ شاعر احمد فرہاد پولیس کی حراست میں ہے، انہوں نے عدالت کے روبرو تھانہ دھیر کوٹ کشمیر کی رپورٹ بھی پیش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شاعر احمد فرہاد کے خاندان کی ان سے ملاقات کرادی، مظفرآباد سے باہر کہوڑی تھانے میں احمد فرہاد اور ان کی فیملی کی ملاقات ہوئی۔

مزیدخبریں