وزیراعلیٰ کا خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس، وزراء صحت ان ایکشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر خانیوال کے نواحی بی ایچ یو پہنچ گئے اور متاثرہ بچوں کے والدین سے آگاہی حاصل کی، خسرہ سے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی، متاثرہ بچوں کے علاج کیلئے مخصوص وارڈ بھی قائم، ویکسی نیشن یقینی بنانے کا حکم بھی جاری کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پتوکی اور کبیروالہ میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا اور صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کبیر والہ کے نواحی بنیادی مرکز صحت کورٹ حق نواز پہنچ گئے، صوبائی وزراء نے خسرہ سے متاثرہ بچوں کے والدین سے آگاہی حاصل کی اور غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر خسرہ سے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد بھی بڑھادی گئی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں خسرہ سے متاثرہ بچوں کے علاج کے لئے مخصوص وارڈ بھی قائم کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 30ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سیکرٹری ہیلتھ سے خسرہ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے اسباب کے بارے میں فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو خسرہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں، کوتاہی کی ذمہ داری کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی، روزانہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسز کو مانیٹر کیا جائے اورمتاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت نہ کی جائے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام مراکز صحت اور سرکاری ہسپتالوں میں خسرہ سمیت دیگر امراض کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کا حکم بھی جاری کر دیا۔