(24نیوز) شہریوں کی بےاحتیاطی،پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر تباہی مچانے لگی، 24 گھنٹے میں مہلک وائرس نےمزید 43 زندگیوں کے چراغ بجھادئیے، اموات کی تعداد7 ہزار 985 ہو گئی، 2 ہزار 829 نئے مریض بھی سامنے آ گئے، 2 ہزار 186 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں دن بدن شدت آتی جارہی ہے۔ شہریوں کی لاپرواہی اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے اموات اور نئے رجسٹرڈ ہونے والے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 43 افراد جاں بحق ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 185 تک جا پہنچی۔این سی او سی کے مطابق 2 ہزار 186مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں 1لاکھ 71 ہزار 595، خیبر پختونخوا 46 ہزار877، پنجاب میں ایک لاکھ 18ہزار511، اسلام آباد 29 ہزار782، بلوچستان میں17ہزار 101، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 682 مریض ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 637 ہو گئی۔