لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینا،فضل الرحمان کا کارکنوں کو حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام رکاوٹیں توڑ کر ملتان جلسے میں شریک ہوں اور جہاں جہاں پولیس یا کوئی بھی قوت راستے میں آئے تو اس قوت کے گھیرے کو توڑیں، اگر آپ پر لاٹھی چارج ہو تو آپ کو بھی ڈنڈے استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
ملتان میں اپوزیشن رہنماو¿ں کے ساتھ جلسے کے حوالے سے خصوصی مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا ہے کل ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ ہوکر رہے گا اگر کل جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پاکستان کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، تمام جماعتوں کے کارکنان، یوسی کی سطح کے ذمہ داران کو گرفتار کیا جارہا ہے اور عوام کو دھمکی دی جارہی ہے کہ اگر جلسے میں شرکت کی تو تاوان وصول کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہتھکنڈے کیوں استعمال کئے جارہے ہیں، گزشتہ 2 سالوں میں عوام کا حشر کردیا گیا، غریب کے منہ سے نوالہ، لوگوں کے گھر، روزگار چھین لیے، آج کسان، مزدور محنت کش، تاجر، غریب دکاندار رو رہے ہیں جن کی ہم آواز بننا چاہتے ہیں۔
اور آپ اگر عوام کی آواز روکنے کی کوشش کریں گے تو ان کی آواز بننا ہمارا حق بنتا ہے، ہم کسی قسم کی لاقانونیت، کسی قیمت پر پولیس گردی کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں اور ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور اگر نہ کرسکے تو جیلوں کا رخ کر کے تمہاری جیلیں بھردیں گے۔مولانا نے کہا کہ جلسہ گاہ میں جو کارکن کام کررہے تھے وہاں انتظامیہ نے دھاوا بولا اور علی قاسم گیلانی سمیت سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا، ایف آئی آر درج نہیں کی گئیں اس کے باوجود انہیں حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے جبکہ کچھ کو جیلوں میں لے گئے لیکن سیاسی تحریکوں میں گرفتاریاں اور آزمائیشیں ساتھ ساتھ چلتی ہیں ہمیں ان سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ ہم جنوری میں لانگ مارچ کریں گے لیکن حکومت چاہتی ہے کہ ہم جلد اسلام آباد کی جانب مارچ کر کے انہیں بتائیں کہ تمہاری کیا اوقات ہے۔جلسہ گاہ میں انتظامیہ کی کارروائیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کل دیکھا جائے گا، میدان گرم ہوجائے گا۔