(24نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے باعث انتظامیہ نے ملتان میں کل میٹرو بس سروس بند رکھنے کا اعلان کردیا۔پی ڈی ایم کی جانب سے ہر صورت پیر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد سے شہر میں سیاسی پارہ ہائی ہوگیا ہے۔ایسے میں حکومت نے ملتان شہر میں کل میٹرو بس سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطا بق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمر الزمان قیصرانی کا کہنا ہے کہ پیر کو میٹرو بس سروس بند رہے گی جبکہ شہر میں چلنے والی بس سروس بھی بند رہے گی۔ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قیادت نے کل ملتان میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کردیا تو دوسری طرف انتظامیہ نے بھی کارروائیاں تیز کردی ہیں اور تازہ دم دستے جلسہ گاہ اور اطراف میں تعینات کیے گئے ہیں۔اپوزیشن اتحاد کی جانب سے کل ہر صورت قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں۔اپوزیشن اتحاد کے اعلان کے بعد انتظامیہ بھی ایکشن میں آگئی ہے اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے ساتھ ملحقہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔
سیاسی پارہ ہائی،ملتان میٹرو بس سروس بند
Nov 29, 2020 | 22:52:PM