سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا، تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے:چئیرمین سینٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چئیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
چئیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات،اس موقع پرچئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں،چئیرمین سینٹ نے حالیہ فیفا ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی ارجنٹینا کے خلاف فتح پر سعودی سفیر کو مبارکباد پیش کی،پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کو باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے روابط جاری رکھنے کی ترغیب دینے پر زور دیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی اچھی صحت اور درازی عمر کیلئے دعاگو ہیں،دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کو باہمی مفاد کیلئے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،برادر ممالک کے مابین اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی صلاحیت موجود ہے، اعلیٰ سطحی دوطرفہ تبادلے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائیں گے۔