شمالی بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش،پہاڑوں پربرفباری

نشیبی علاقے زیرآب،بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 2 دسمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی

Nov 29, 2024 | 09:17:AM

(24نیوز)شمالی بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگواراورٹھنڈاہوگیا،محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔

چمن اور پشین سمیت شمالی بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللّٰہ،گلستان،شیلاباغ،توبہ کاکڑی،پشین، خانوزئی، برشور، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی، چمن اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

شمالی بلوچستان کے پاک افغان سرحدی علاقے بارش برسانے والے سسٹم کے زیرِ اثر ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ 29 نومبر سے 2 دسمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 آج سے 2 دسمبر تک اسلام آباد،مری،گلیات،خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے،گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی ہلکی اوردرمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،شام یا رات میں بالائی پنجاب،اسلام آباد،مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ/ دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ شام/رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام/رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم،میانوالی، بھکر، لیہ، خوشاب، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، سرگودھا، نورپور تھل، گوجرانوالہ، گجرات اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ چند مقامات پرہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے، صبح اور رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ،گجرات، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان،ساہیوال، خانیوال،رحیم یار خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد منظور

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال،دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، پشاور، مردان، نوشہرہ، کرم، اورکزئی، مہمند، خیبر، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، لکی مروت، کرک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی،100انڈیکس ایک لاکھ 546 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کی پیشگوئی اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں