پاکستان آزاد و پائیدار فلسطین کا حامی ہے:صدر زرداری

Nov 29, 2024 | 11:07:AM

(24نیوز)صدر پاکستان آصف علی زرداری نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد اور پائیدار فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔

 صدرِ پاکستان نے کہا ہے کہ آزادی، وقار اور انصاف کے لیے فلسطینی عوام کی جائز جد و جہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں،انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے، عالمی ضمیر فلسطین میں لاکھوں لوگوں کی حالتِ زار نظر انداز نہیں کر سکتا۔

آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیلی قبضہ اور عالمی قوانین کی بے توقیری خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،انہوں نے اپیل کی ہے کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کیلئے اقدامات کرے، اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔

 صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالتِ انصاف نے بجا طور پر’قرینِ قیاس نسل کشی‘ قرار دیا ہے، اسرائیل اور اس کی قیادت کے احتساب کے تمام اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اسرائیلی حملوں میں 45 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں کھو چکے، اسرائیل اقوامِ متحدہ اور دیگر امدادی ایجنسیوں کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دیدہ دلیری اور مسلسل جارحیت خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے،ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان فلسطینیوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔
 

مزیدخبریں