(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق ِخودارادیت کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہیں،پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد، پائیدار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے ،آزادی، وقار اور انصاف کیلئے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں،عالمی ضمیر فلسطین میں لاکھوں لوگوں کی حالت زار نظر انداز نہیں کر سکتا ۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیلی قبضہ ، عالمی قوانین کی مسلسل بے توقیری خطے میں قیام ِامن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،عالمی برادری اور سلامتی کونسل غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کیلئے اقدامات کرے،عالمی برادری اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے، اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالت انصاف نے بجا طور پر قرین ِقیاس نسل کشی قرار دیا ۔
مزید پڑھیں:نیلم منیرشادی کے بندھن میں بندھنے کوتیار،دولہاکون؟
اسرائیل اور اس کی قیادت کے احتساب کے تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں ، اسرائیلی فوجی مہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی، بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کی تباہی، نقل مکانی کا باعث ہے، گزشتہ سال میں اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت 45 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں کھو چکے ۔اسرائیل اقوامِ متحدہ اور دیگر امدادی ایجنسیوں کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے،اسرائیل جان بوجھ کر لاکھوں فلسطینیوں کو ضروری انسانی امداد سے محروم کر رہا ہے،اسرائیلی دیدہ دلیری ، خطے کے ممالک کے خلاف مسلسل جارحیت پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے ، پاکستان فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔