( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ شعیب اختر کے ساتھ پیش آئے واقعے پر وزیراعظم نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر بہت برا ہوا، کوئی بھی عہدے کا غلط استعمال نہیں کرسکتا، عام پاکستانی کی بھی اتنی ہی عزت ہے جتنی کسی سیاستدان یا وزیر کی ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا میں کسی نے ایک گیند سے ہندوستانیوں کو چپ کرایا تو وہ شعیب اختر تھا، قومی ہیروز کے ساتھ ایسے نہیں ہوتا، نعمان نیاز کو سوچناچاہیے تھا۔
وزیر مملکت پارلیمانی امور کا نے مزید کہا کہ شعیب اختر نے اپنے مزاج کے خلاف بہت صبر سے کام لیا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پتا چلا ہے کہ کل نعمان نیاز نے شو نہیں ہونے دیا، پی ٹی وی کسی کی ملکیت نہیں، ایسا صدر یا وزیراعظم بھی نہیں کرسکتا، نعمان نیاز نے شعیب کی نہیں پوری
قوم کی بے عزتی کی ہے، شعیب اختر ہمارے سٹار ہیں اور وہ بے داغ انسان ہیں۔
اس کے علاوہ علی محمد خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی مضحکہ خیز ہے ، پی ٹی وی اپنا قبلہ درست کرے ، ڈاکٹر نعمان نیاز کو شعیب اختر اور قوم سے معافی مانگنے کا کہنے کی بجائے انہوں نے متاثرہ شخص کو ہی ٹی وی پر بین کر دیا ، ہم یہ معاملہ وزارت اطلاعات میں اٹھائیں گے ۔“