آریان خان کو جیل سے رہائی کب ملے گی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)ممبئی ہائیکورٹ سے آریان خان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد تاحال ان کی رہائی عمل میں نہیں آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی قانونی ماہر اور بالی وڈ اسٹار فردین خان کی ضمانت کروانے والے وکیل ایاز خان کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے آریان کی رہائی کے طریقہ کار اور اس میں درکار وقت سے متعلق گفتگو کی۔
وکیل ایاز خان کا کہنا ہے کہ آریان کی ضمانت کے لئے ہائیکورٹ کی جانب سے سیشن کورٹ کو حکم نامہ بھیجا جائے گا جس کے بعد آریان سمیت تینوں ملزمان کی نمائندگی کرنے والے وکیل کو اس حکم نامے کی کاپی دی جائے گی۔ اس کے بعد آریان کے وکیل آج ضمانت کروانے سیشن کورٹ جائیں گے اور وہاں رجسٹری میں آریان کی ضمانت کے آرڈر فائل کروائیں گے، اگر آریان کی ضمانت نقد سے مشروط ہے تو انہیں نقد ادائیگی کرنی ہوگی اور ضمانت کے لئے شیورٹی ضروری ہے تو انہیں شیورٹی جمع کرانا ہوگی۔
ایاز خان کا کہنا تھا کہ ضمانت کے لئے نقد رقم یا شیورٹی جمع ہو جانے کے بعد سیشن کورٹ کی جانب سے آریان کی رہائی کے لیے ریلیز آرڈر جاری کئے جائیں گے، اس حکم نامے کو جیل میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد آریان کو جیل سے رہا کیا جائے گا۔ آریان کی رہائی کا دن ہائیکورٹ کی جانب سے جاری حتمی حکم نامے کے ریلیز کیے جانے تک منحصر ہے ،اگر حکم نامہ آج دوپہر تک جمع کروادیا گیا تو ممکن ہے کہ آریان آج ہی گھر چلے جائیں لیکن اگر یہ حکم نامہ دوپہر کے بعد پیش کیا گیا تو آریان کو جیل سے رہائی کل ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:مذہبی جماعت کا مارچ روکنے کے لئے جہلم کے پلوں پر دیواروں کی تعمیر شروع