موجودہ صورتحال کے تناظر میں علماءکرام آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں ،فواد چودھری

Oct 29, 2021 | 20:19:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی پریس کانفرنس،کہا کہ مذہی جماعت کا ایجنڈا ملک کے اندر فساد پھیلانا ہے۔ احتجاج میں 5 پولیس کے اہلکار شہید، 49 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 14 کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ  موجودہ صورتحال کے تناظر میں علماءکرام آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ ہم سڑکوں پر خون بہتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ ہم امن کے ذریعے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔ ریاست کو کمزور نہ سمجھا جائے، ہم نے بڑی بڑی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی ہے۔ اس طرح کے جتھے ریاست کے آگے کھڑے نہیں ہو سکتے نہ ہی انہیں برداشت کریں گے۔ چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ  پوری ملکی قیادت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پیچھے کھڑی ہے۔ تصادم کی فضاءقائم کرنا اسلام کو نقصان پہنچانے کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔ اس طرح کے احتجاجوں سے پوری دنیا میں پاکستان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ہم نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا، جتنا صبر کر سکتے تھے وہ کر رہے ہیں۔

ریاست نے 22 کر وڑ عوام کو دیکھنا ہے۔احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹرکوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ تاجر اور دکاندار حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پرامن احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن ڈنڈے اٹھا کر لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا کر اور پولیس والوں کو زخمی اور شہید کر کے اپنا مطالبہ منوالیں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال خراب ہو، ہم مذاکرات کر رہے ہیں کہ یہ لوگ واپس جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی جماعت نے اپنے ذاتی مفاد کے لئے رسولﷺ کے نام کا استعمال کیا۔پاکستان کی قوم ہی نہیں پورا عالم اسلام نبی کریمﷺ کو رحمت اللعالمین سمجھتا ہے، پورا دنیا ان کی ذات میں رحمت تلاش کرتی ہے۔  وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا اور سیرت النبیﷺ کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے، چوہدری فواد حسین نبی کریمﷺ نے ہر بشر کو رحمت اور محبت کی نوید سنائی، عشق رسولﷺ کا مطلب ہے کہ ہر بنی نوع انسان سے محبت کی جائے۔

چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں 97 فیصد آبادی مسلمان ہے، نبی آخر الزماں کے خاتم النبینﷺ پر یقین کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا۔ ہم نے ٹی ٹی پی سے بھی مذاکرات کئے ہیں، ہم تمام گروہوں سے مذاکرات کرتے ہیں۔ مذاکرات آئین اور قانون کے تحت ہوں گے، فیصلے ہمارے عدالتی نظام کے مطابق ہوں گے۔جب ملک معاشی استحکام کی طرف جاتا ہے اور ڈالر نیچے اور سٹاک مارکیٹ اوپر جانا شروع ہوتی ہے تو اس طرح کا تصادم شروع کر دیا جاتا ہے۔ ہم اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، اس طرح کے فتنے اسلام کے خلاف سازش ہیں۔سڑکیں بند ہونے سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، ایسے شر انگیز اقدامات زیادہ دیر نہیں چل سکتے۔ میڈیا رپورٹس دے سکتا ہے لیکن غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: ڈیوڈ وارنر بھی رونالڈو کے نقش قدم پر۔۔ پریس کا نفرنس میں کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا دیں

مزیدخبریں