عمران خان کی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی ، مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

Oct 29, 2022 | 10:45:AM

(24 نیوز) عمران خان کی جانب سے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل، سعدیہ تیمور اور حنا پرویز بٹ نے مشترکہ جمع کرائی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ عمران خان کی جانب سے حساس اداروں کے سربراہان کے خلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے، انہوں نے بطور وزیراعظم حلف اٹھایا تھا کہ وہ آئینی اداروں کا تحفظ اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اٹھائے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، ان کے بیانات سے بھارت نے قومی اداروں کا مذاق اڑایا، عمران خان نے حساس ادارے کے سربراہ کے متعلق غیر مناسب الفاظ استعمال کیے۔

ن لیگ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کا مقصد قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنا اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے، یہ ایوان عمران خان کی جانب سے اپنے اٹھائے حلف کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کے خلاف حلف کی خلاف ورزی پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، عمران خان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں