(24 نیوز ) بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29ویں میچ میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 100 رنز سے بآسانی شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چھٹی فتح حاصل کرلی۔
بھارتی شہر لکھنؤ کے اکانا کرکٹ سٹیڈم میں ہونیوالے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔
230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 34.5 اوورز میں 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، جسپریت بمراہ نے 3، کلدیپ یادیو نے 2 جبکہ رویندرا جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ برسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑاگئی اور صرف 52 رنز کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر جونی برسٹو 14، ڈیوڈ ملان 16 جبکہ جو روٹ اور بین اسٹوکس صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے، کپتان جوز بٹلر 10 رنز، معین علی 15 رنز، کرس ووکس 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
قبل ازیں بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 26 کے مجموعی سکور پر شبمن گل 9 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے جبکہ ویرات کوہلی بھی 9 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بھارتی کھلاڑی شیریاس آئیر 4 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر مارک ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان روہت شرما نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں سوریاکمار یادیو 49، کے ایل راہول 39، رویندرا جڈیجا 8، محمد شامی ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 3، عادل رشید اور ڈیوڈ ولی نے 2 جبکہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔