لاہور میں سموگ وبال جان بن گئی،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا

Oct 29, 2024 | 09:43:AM
لاہور میں سموگ وبال جان بن گئی،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کومل اسلم )باغات کے شہر لاہور میں سموگ شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی، ایئر کوالٹی انڈیکس میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا داخلہ بندکر دیا گیا۔

آلودگی کے اعتبار سے صوبائی دارالحکومت لاہور آج بھی دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 378 ریکارڈ کی گئی ہے،لاہور کے علاقے سید مراتب علی روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 515 جبکہ ڈی ایچ اے کا اے کیو آئی 507 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شہر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث گلے میں درد، سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن جیسی بیماریاں بڑھنے لگی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں سموگ پانچواں سیزن بن گیا ہے، انتظامیہ کے تمام تر اقدامات کے باوجود اس کی شدت میں کمی واقع نہیں ہو رہی، جس کی بڑی وجہ ساڑھے 13 لاکھ موٹر سائیکلیں اور 16 لاکھ گاڑیاں ہیں جنکی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے حکم پر سرکل افسران نے رات گئے داخلی و خارجی راستوں کے وزٹس کیے، ڈی ایس پی نوانکوٹ رانا یونس نے ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو پر آپریشن کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالان کی بجائے بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق رواں ماہ کے دوران دھواں چھوڑنے والی 780 گاڑیاں شہر کے مختلف تھانوں میں بند کرائی گئیں، کسی بھی ہیوی ٹریفک کو مقررہ اوقات سے قبل لاہور شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق رواں ماہ 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کو بھاری جرمانے کیے گئے جبکہ ریت، مٹی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 05 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان کیا گیا اس ے علاوہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ 1402 جبکہ انتہائی خستہ حال 210 فٹنس سرٹیفکیٹ کینسل کروائے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے  کے لیے شہروں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رات کے وقت آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی چالاننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی "انروا" پر پابندی لگادی

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھواں دینے والی گاڑیاں بںد کرنے کے احکامات پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہن کر باہر نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ایئر کوالٹی انڈیکس کو چیک کریں، گھروں کی کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھا جائے، شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار رہے گی،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ،زیادہ سے زیادہ  37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ایئرکوالٹی انڈیکس  کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 9ویں نمبر پر آگیا جبکہ  پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر آگیا۔