(24نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کوئی شکایت ہوئی تو پورے پاکستان کو بند کر دیں گے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بدترین رویہ اختیار کیا ہوا ہے، جیل میں عمران خان کو سہولیات نہیں دی جا رہیں، کبھی بجلی بند کر دی جاتی ہے تو کبھی کھانا نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر ان کے حقوق نہیں دیئے جا رہے، میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو وارننگ دیتا ہوں کہ تحریک انصاف کے بانی کی کوئی شکایت آئی تو پورے پاکستان کو بند کر دینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے دن گن رہے ہیں، بہت جلد پورے پاکستان کو بند کر کے جعلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کرینگے، اس حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے اس کو واپس لیں گے، حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم پر امن نہ رہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے غداری کرنے والوں کے لئے ہماری جماعت میں کوئی گنجائش نہیں۔