پاک روس تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے: وزیراعظم

Oct 29, 2024 | 12:04:PM
پاک روس تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے: وزیراعظم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک روس تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے روسی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے روسی وفد کے دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روسی اعلیٰ قیادت کی جانب سے حالیہ دوروں کی بدولت پاکستان اور روس کے مابین تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے، روس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دسمبر 2024 میں منعقد ہونے والا پاکستان و روس مشترکہ کمیشن کا اجلاس دونوں ممالک کے مابین تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں وزیرِ مواصلات کی قیادت میں 70 رکنی پاکستانی کاروباری شخصیات کے وفد کے دورہ روس اور پاکستان-روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کو دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر عزت مآب ولادیمیر پیوٹن کیلئے نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ انہیں جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام دیا۔