(احمد منصور) لبنان و غزہ کے مظلوم عوام کیلئے امدادی سامان کی 17ویں امدادی کھیپ وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ کراچی سے روانہ کی گئی۔
جہاز 17 ٹن امدادی سامان لیکر بیروت پہنچے گا، لبنان کے لیے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ادویات، تیار کھانا،چاول، خیمے، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں، سامان روانگی تقریب میں ایم این اے ڈاکٹر فاروق ستار،این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان موجود تھے۔
دوسری جانب لبنان و غزہ کے لیے 18ویں امدادی کھیپ بھی اسلام آبادانٹر نیشنل ائیرپورٹ سے روانہ کر دی گئی ہے، یہ جہاز سردیوں سے بچاؤ کیلئے خیموں اور کمبلوں پر مشتمل 95 ٹن امدادی سامان لیکر بیروت،لبنان پہنچے گا، سامان روانگی تقریب میں ایم این اے انجم عقیل خان،لبنانی سفیر سمیت این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندگان موجود تھے۔
لبنان کے لیے یہ چھٹی امدادی کھیپ روانہ کی گئی جبکہ اس سے قبل فلسطین کے لیے12امدای کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں، این ڈی ایم اے لبنان و غزہ کے لیے مجموعی طور پر 1 ہزار 705 ٹن امدادی سامان بھیجوا چکا ہے۔
عوام فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں تک اپنی عطیات پہنچانے کے لیے غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈمیں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔