(24 نیوز )طالبان سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ کی جانب سے حکم جاری کیا گیا ہے کہ ملک میں تمام ٹی وی چینلز بند کیے جائیں اور صرف ریڈیو نشریات پیش کی جائیں ۔
غیر ملکی خبررساں ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ریاستی حکمران کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز چونکہ جانداروں کی تصویریں اور ویڈیوز پیش کرتے ہیں اس لیے ایسی نشریات کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان کے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن کے ڈائریکٹر جنرل قاری یوسف احمدی نے ٹی وی اور ریڈیو چینلز کے مالکان سے ملاقات میں انہیں بتایا کہ طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ کا کہنا ہے کہ جانداروں کی تصویریں اور ویڈیوز پیش کرنے پر ٹی وی چینلز کی نشریات بند کردی جائیں اور انہیں ریڈیائی نشریات تک محدود کردیا جائے۔
قندھار میں سرکاری ٹی وی کی نشریات کو ریڈیو میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ملک کے دیگر چینلز کو بھی بتدریج ریڈیائی نشریات کی طرف لے جایا جائے گا۔ ایک وزیر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ یہ فیصلہ سرکاری ٹی وی تک محدود رہے گا تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ تمام ٹی وی چینل اس فیصلے کے پابند ہوں گے۔