مزاحیہ اداکاری کے بادشاہ محمود کی آج89ویں سالگرہ 

Sep 29, 2021 | 08:48:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی فلم انڈسٹری میں اپنے مخصوص انداز، تاثرات اورمزاحیہ آواز سے تقریباً پانچ دہائیوں تک شائقین کے دلوں کو لبھانے والےمحمود نے بالی ووڈ  میں کنگ آف کامیڈی کا درجہ حاصل کیا.آج انکی 89ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق چائلڈ آرٹسٹ سے مزاحیہ اداکار کے طورپر بالی ووڈ میں ایک خاص شناخت بنانے والے محمود کی پیدائش 29 ستمبر1932 کو ممبئی میں ہوئی تھی۔محمود کو  اداکاری کے میدان میں اپنا مقام بنانے کے لئے  کافی مشقت کرنا پڑی اور انہیں یہاں تک سننا پڑا کہ نہ تو وہ اداکاری کرسکتے ہیں نہ کبھی اداکار بن سکتے ہیں۔ان کے والد ممتاز علی بمبئے ٹاکیز  سٹوڈیو میں کام کیا کرتے تھے۔گھر کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے محمود نے لوکل ٹرینوں میں ٹافیاں تک بیچیں۔بچپن کے دنوں سے ہی محمود کا رجحان اداکاری کی طرف تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔اپنے والد کی سفارش کی وجہ سے محمود کو بمبئے ٹاکیز  کی 1943 میں بنی فلم قسمت میں اداکار اشوک کمار کے بچپن کا رول ادا کرنے کا موقع ملا۔

ادا کار محمود نے بالی ووڈ کی 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ لوگ ان کی مزاحیہ اداکاری اور بولنے کے انداز سےلوٹ پوٹ ہو جاتے تھے۔ ان کی مشہور فلموں میں کنوارہ باپ، پڑوسن ، بمبئے ٹو گوا، گمنام ،بھوت بنگلہ، دو پھول، سادھو اور شیطان اور سب سے بڑا روپیہ  شامل ہیں ۔ اسکے علاوہ اداکار محمود نے متعدد بھارتی فلموں میں یادگار کردار ادا کئے ۔ انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اداکاری کے علاوہ بطور گلوکار، ہدایتکار اور فلمساز کام کیا ۔  ان کا انتقال 23جولائی 2004کو  امریکی ریاست پنسلوینا میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:  کرس گیل کا پنجابی لک میں گانا ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔۔ویڈیو وائرل

مزیدخبریں