(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے معروف نوجوان کامیڈین منورفاروقی ایک بار پھر ہندو شدت پسند وں کے نشانے پر آگئے ہیں۔ بھگوا تنظیم بجرنگ دل نے انہیں گجرا ت میں ایک بھی شو نہ کرنے کی دھمکی دی ہے اور ساتھ ہی منتظمین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ منور کے تمام شومنسوخ کردیں یا پھر نتائج کیلئے تیار رہیں۔
بھارت کے اردو اخبار کی رپورٹ کےمطابق معروف کامیڈین منور فاروقی نے 12 ستمبر کو انسٹا گرام پر اطلاع دی تھی کہ وہ یکم اکتوبر سے’’گجرات کےدورہ‘‘ پر ہوںگے ۔اس دوران وہ سورت میں یکم اپریل کو، احمدآباد میں 2 اکتوبر کو اور بڑودہ میں3 اکتوبر کو شو کریں گے۔ اس کی مخالفت کرتے ہوئے بجرنگ دل کی شمالی گجرات اکائی کے صدر جولیت مہتا نے دھمکی دی ہے کہ وہ منور کو گجرات میں ایک بھی شو نہیں کرنے دیںگے۔ مہتا کے مطابق’’منور فاروقی اپنی کامیڈی کےذریعہ ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتا ہے تاکہ ہندوؤ ں کے عقیدے اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچا سکے۔ ہندو اب تک تحمل کا مظاہرہ کررہے تھے اس لئے یہ سب برداشت کر رہے تھے، مگر بجرنگ دل برداشت نہیں کرتی بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیتی ہے۔‘‘ انہوں نے ساتھ ہی دھمکی دی کہ ’’ہم گجرات میں منور فاروقی کا ایک بھی شو نہیں ہونے دیں گے، ہم منتظمین سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ شو کو منسوخ کردیں یا پھر مالی، جسمانی اور ذہنی نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہیں‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت بھارت کو ہندو ریاست ڈکلئیر کرے ، جنونی مذہبی رہنما اچاریہ مہاراج کی دھمکی