حکومتی پارلیمانی پارٹی اجلاس ،70 ارکان غیر حاضر، پرویز خٹک کی قیادت میں نیا گروپ سامنے آگیا

Sep 29, 2021 | 22:07:PM

(24 نیوز)حکومتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان کی عدم دلچسپی ،70 ممبران غیر حاضر رہے ،پرویز خٹک کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے 22 ارکان کا نیا گروپ سامنے آ گیا ۔
ذرائع کے مطابق نئے گروپ نے آج کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا ،وزیراعظم نے نئے گروپ کو اپنے دفتر طلب کیا،گروپ کے مطالبات پر اسد عمر ،حماد اظہر ،عمر ایوب اور عامر ڈوگر کو بھی فوری طلب کیا گیا ،وزیراعظم نے کے پی گروپ کے مطالبات کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی ۔
وزیراعظم کی یقین دہانی کے بعد پرویز خٹک گروپ پارلیمانی اجلاس میں شریک ہوا،پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان نے ترقیاتی فنڈز اور گیس سکیموں کا شکوہ کیا ،ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے ارکان کو گیس سکیمیں نہ دینے کا صاف صاف جواب دے دیا ،حماد اظہر نے کہاکہ ہمارے پاس گیس ہی نہیں ہے پہلے ہی سبسڈی پر گیس دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم سے سوال کرتے ہوئے کہاکہ کیا یہ وزارت توانائی کے نمائندے ہیں یہ حکومت کے ،اگر یہی صورتحال رہی تو جتنے ممبران آپ کے سامنے بیٹھے ہیں ان سب کی ضمانتیں ضبط ہوں گی ،ارکان اسمبلی سکیموں کے بغیر اور مہنگائی کی صورتحال میں اپنے حلقوں میں کس منہ سے جائیں۔
کراچی کے ارکان قومی اسمبلی نے تنظیمی امور میں اعتماد میں نہ لیے جانے پر شکوے کیا، آفتاب جہانگیر نے کہاکہ ہمیں کہا گیا ہے کہ اگلی دفعہ آپ کی بجائے کوئی اور پارٹی امیدوار ہوں گے ،اگر یہ سچ ہے تو ہمیں وقت پر ہی بتا دیا جائے تاکہ ہم اپنا بندوبست کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ایئر لائن نےویکسین نہ لگوانے والے 600 ملازمین کو نکال دیا

مزیدخبریں