(ویب ڈیسک )بالی وڈکے معروف ہدایتکار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنی شادی میں مدعو ہی نہیں کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کرن جوہر نے یہ انکشاف اپنے پروگرام 'کافی ود کرن' کی آخری قسط میں کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح کترینہ اور وکی کی شادی ان کے لیے شرمندگی کا باعث بن گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ 'جس وقت کترینہ اور وکی کی شادی میرے لیے کافی شرمندگی کا موقع تھا کیونکہ معروف شخصیات نے مجھے فون کالز یا ملاقات میں کہا کہ آپ کترینہ اور وکی کی شادی میں تھے اور آپ نے ہمیں بتایا بھی نہیں'۔
کرن جوہر نے کہا 'مجھے یہ تسلیم کرنے اور انہیں بتانے میں انتہائی شرمندگی محسوس ہوتی تھی کہ مجھے ان دونوں نے اپنی شادی پر نہیں بلایا'۔فلمساز نے کہا 'اگر میں لوگوں کو بتا بھی دیتا تو مجھے ان کی ہمدردری یا پوچھے جانے والے سوالات سے کوفت ہوتی کہ کیا تم لوگوں کے درمیان سب ٹھیک ہے؟ وکی اور کترینہ نے تمہیں شادی میں کیوں نہیں بلایا وغیرہ'۔
کرن جوہر نے کہا 'بعدازاں مجھے علم ہوا کہ دونوں اداکاروں نے ہدایتکار انوراگ کیشپ کو بھی دعوت نامہ نہیں بھیجا جس کے بعد مجھے تھوڑی تسلی ہوئی'۔
خیال رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی گزشتہ برس 9 دسمبر کو راجستھان میں ہوئی تھی۔