گوگل سرچ انجن بھی ٹک ٹاک جیسا بننے کے لیے تیار

Sep 29, 2022 | 15:47:PM

(ویب ڈیسک )ٹک ٹاک کی مقبولیت نے دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی خود کو بدلنے پر مجبور کردیا اور ان کی جانب سے مختصر ویڈیوز کو زیادہ ترجیح دی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوگل نے اس حوالے سے پہلے یوٹیوب پر شارٹس ویڈیوز کو متعارف کرایا اور اب وہ اپنے سب سے طاقتور ہتھیار سرچ انجن کو بھی ٹک ٹاک جیسا بنانے کے لیے تیار ہے۔کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ گوگل سرچ اور میپس میں نئے فیچرز کا اضافہ کیا جارہا ہے، جس کے بعد سرچ انجن بھی کسی حد تک ٹک ٹاک جیسا ہوجائے گا، یعنی مختصر ویڈیوز زیادہ نمایاں ہوجائیں گی۔

گوگل سرچ میں نئے فیچرز کے ذریعے زیادہ ویڈیوز اور تصاویر کو سرچ رزلٹس کا حصہ بنایا جائے گا۔مثال کے طور پر اگر کوئی فرد کسی جگہ کے بارے میں سرچ کرے گا تو معمول کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ نیچے اس کے بارے میں لوگوں کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی دکھایا جائے گا۔

یہ تبدیلی اس وقت کی جارہی ہے جب گوگل کی جانب سے ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔چین کی زیرملکیت ایپ بھی خود کو ایک سرچ انجن میں بدلتی جارہی ہے اور نوجوان گوگل کی بجائے اب ٹک ٹاک پر سرچنگ کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں، جبکہ 2021 میں ٹک ٹاک نے گوگل کو پیچھے چھوڑ کر سال کی مقبول ترین ویب سائٹ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل نے اپنے سرچ انجن میں بھی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزیدخبریں