(24 نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کا 346 رنز کا ہدف با آسانی 44 ویں اوورمیں حاصل کرلیا، کیویز کے رچن روینڈرا 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس کےعلاوہ ڈیرل مچل 59 اور کین ولیمسن 54 رنزبناکرریٹائرڈ آؤٹ ہوئے،جمی نیشم 33 اور ٹام لیتھم نے 18 رنزبنائے۔
پاکستان کے اسامہ میر 2،محمد وسیم،سلمان آغا اور حسن علی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے۔ محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے جبکہ بابراعظم نے 80 اور سعود شکیل نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔
وارم اپ میچ میں تمام 15 کھلاڑی دستیاب تھے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے میچ کھیل کر اپنی فٹنس کا اندازہ لگایا۔ کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے انہوں نے آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کی۔البتہ جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔