(سعود بٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے کابینہ کے ہمراہ سروسز ہسپتال آمد کا دورہ کیا، ماڈل وارڈ اور ماڈل روم کا معائنہ کیا۔
ماڈل کوریڈور، نرسنگ کاؤنٹر، وارڈ اور روم میں لگائی ٹائلز اور ونڈوز کا مشاہدہ کیا اور اسے مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کی 6 تحصیلوں کی تعداد بڑھا کر 9 تحصیلیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہورمیں 2 ڈپٹی کمشنر کے حوالے سے کمیٹی بنادی گئی ہے۔
ملک میں پھیلی آشوب چشم کی بیماری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آشوب چشم کا انجکشن اسکینڈل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، اس سے بچاؤ کیلئے پوری کوششیں کر رہے ہیں۔
بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے کابینہ کے ہمراہ نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: سانحہ جڑانوالہ کی انکوائری رپورٹ پر کابینہ مطمئن، جے آئی ٹی معاملہ زیر غور ہے، محسن نقوی
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بیدیاں روڈ، نواز شریف انٹرچینج پر انڈر پاس کی تعمیر سے یومیہ ایک لاکھ بیس ہزار گاڑیاں مستفید ہوں گی۔
سائیٹ پر موجود چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے منصوبے کی تکمیل اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مزید بارش کی وجہ سے دیر نہ ہوئی تو نواز شریف انٹرچینج کو 17 اکتوبر تک ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا جبکہ گھوڑا چوک فلائی اوور اور خالد بٹ چوک انڈر پاس پر بھی دن رات کام ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس اہم منصوبہ ہے اسے بروقت مکمل کریں گے، مںصوبوں کے معیار پر ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ نیسپاک تھرڈ پارٹی کی حیثیت سے تمام مںصوبوں کے معیار کی کڑی نگرانی کررہی ہے۔
صوبائی وزراء، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔