(24 نیوز) امریکی ریاست نیویارک میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچادی، نظام زندگی بری طرح متاثر، سیلابی ریلوں کی وارننگ کے بعد ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست نیو یارک میں پچھلے 5 روز سے جاری بارشوں کے بعد نیویارک شہر کے کئی حصوں میں سیلابی صورتحال ہے، سڑکوں، پلوں پرسیلابی پانی جمع ہوگیا جبکہ میٹرو اسٹیشنز میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا۔
نیویارک میں جمعے اور ہفتے کو مزید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کی گئی جس کے بعد اب گورنر نے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر ابھی سے 3 انچ پانی کھڑا ہوگیا ہے، دن کے اختتام تک شہر میں 7 انچ پانی کھڑا ہونے کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے نیویارک میں معمولاتِ زندگی بڑے پیمانے پر متاثر ہونے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک شہر کا انفرا اسٹرکچر اتنے زیادہ پانی کو ہینڈل نہیں کر پا رہا، جس کے نتیجے میں افرا تفری پھیل رہی ہے اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔