علی امین گنڈا پور کا گولی چلانے کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے: عطاءتارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ حکومت چلانے کے قابل نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں، اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی 9 مئی دوہرانے کا اعلان ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ کسی اور کا نہیں اپنا نقصان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں، اِنہوں نے کبھی نہیں کہاکہ ہم تعلیم، صحت، روزگار، معاشی بہتری کے میدانوں میں مقابلہ کریں گے، انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں، کے پی میں کرپشن اور نااہلی کی انتہا ہو چکی، اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی، اصل مقابلہ یہ تھا کہ ہسپتال، درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر اہلیہ سمیت گرفتار
عطاء تارڑ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں، پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ہے، عوام کو تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو تکلیف ہے کہ مہنگائی 32 فی صد سے 9.6 فی صد پر کیوں آگئی ہے، گالی ، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم ہوگی نہ بیروزگاری، 11 سال سے خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہوا ہے۔
اپنی بات ختم کرتے ہوئے عطاءتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے فسلطینیوں کی حمایت کی اور اسرائیل کو للکارا، پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹوں کو اس پر تکلیف ہوگئی ہے۔