(24 نیوز)کراچی کے حلقے این اے 249 پر ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ن لیگی رہنما محمد زبیر نے دعویٰ کیا ہے کہ پولنگ سٹیشن 260 کے پریذائیڈنگ افسر کا فون بند ہے۔
دوسری جانب پریذائیڈنگ افسر فیاض احمد نے کہا ہے کہ نتیجہ جمع کرواکر دو روز بعد ابھی گھر آیا ہوں۔ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پولنگ سٹیشن 260 اور 261 کے پریذائیڈنگ افسران نے فارم 45 جمع نہیں کروایا، دونوں پریذائیڈنگ افسر اپنا دفتر بند کرکے چلے گئے، نتیجہ جمع نہیں کروایا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ دو پولنگ سٹیشن کے فارم 45 کی کاپی پولنگ ایجنٹ کو نہیں دی گئی، آدھے گھنٹے میں 40، 50 پولنگ سٹیشن کے نتائج آجائیں گے، اتنا کم ٹرن آؤٹ ہوئے تو گنتی تیزی سے ہونی چاہیے تھی۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں پریذائیڈنگ افسر کا غائب ہونا عجیب بات ہے، جب تک صحیح ووٹوں کا اندراج نہیں ہوگا ہم یہاں موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک فارم 45 نہیں دیا جاتا ہم ڈی آر او آفس سے نہیں جائیں گے، کم ٹرن آؤٹ ہے ووٹ کی گنتی میں اتنا لمبا وقت نہیں لگنا چاہیے تھا، ہمیں 117 پولنگ سٹیشن کے فارم 45 مل گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر پر کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کھلے رہیں گے یا بند ہونگے؟این سی او سی نے اہم اعلان کردیا